کراچی: جعلی نمبر پلیٹ لگا کر وارداتیں کرنے والا تین رکنی گروہ گرفتار

ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی شناخت محمد رضوان ، باز محمد اور غلام رضا ولد سید علی شاہ کے نام سے کی گئی


اسٹاف رپورٹر February 22, 2025

گلستان جوہر پولیس نے چوری کی گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر وارداتیں کرنے والے  ڈاکوؤں کے تین رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں کے تین رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔  ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی شناخت محمد رضوان ولد محمد قادر، باز محمد ولد حاجی شائستہ خان اور غلام رضا ولد سید علی شاہ کے نام سے کی گئی جو کہ شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز اور کار لفٹنگ کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے 3 پستول ، گولیاں ، نقدی اور جعلی نمبر پلیٹ لگی ٹویوٹا کرولا کار برآمد کرلی جبکہ مذکور کار جس کا رجسٹریشن نمبر اے کیو وائی 234 ہے وہ گلستان جوہر تھانے سے چوری کی گئی تھی اور اس کا مقدمہ بھی درج ہے۔

گرفتار ملزم محمد رضوان عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل بھی غیر قانونی اسلحے اور موٹر سائیکل لفٹنگ کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

دریں اثنا موچکو پولیس نے مدد گار 15 کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے گودام کے ملازمین سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ کو ٹی ٹی کا بٹ مار کر زخمی کرنے والے 2 ڈاکوؤں عطااللہ اور صادق رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔

ترجمان ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول ، چھینی گئی رقم اور شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں ، موچکو پولیس نے مقدمہ درج کر کے گرفتار ڈاکو کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ پولیس ڈاکوؤں کا کرمنل ریکارڈ چیک کر ہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے