
سرجانی ٹاؤن حسن بروہی گوٹھ میں تین سالہ بچہ مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ چھیپا حکام کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت اسد اللہ ولد محمد فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔
بچے کے والد محمد فیصل نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سیوریج لائن بند تھی اور کنڈی مین اسے کھولنے کے لیے صفائی کر رہا تھا، جس کے باعث مین ہول کھلا ہوا تھا۔ اس دوران اسد اللہ گھر سے باہر نکلا اور کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر گیا۔
جب بچے کی والدہ نے اسے گھر میں نہ پایا تو تلاش شروع کی جس کے بعد مین ہول میں جھانکنے پر پتا چلا کہ بچہ اس میں گر چکا ہے۔ بچے کو فوری طور پر نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور اسپتال میں دم توڑ گیا۔
محمد فیصل جو کہ کار پالش کا کام کرتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان کے تین بچے ہیں اور وہ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ آئندہ کسی اور معصوم کی جان ضائع نہ ہو۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد بچے کی لاش تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کر دی۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں کھلے مین ہولز کو فوری طور پر ڈھانپا جائے تاکہ مزید جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔