
آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکستان آنے سے انکار کے بعد بھارت نے کھیل میں ایک مرتبہ پھر بے اعتنائی کا مظاہرہ کردیا۔ بھارت آخری لمحات میں اسلام آباد میں ہونے والی ساؤتھ ایشین فیڈریشن کراس کنٹری ایتھلیٹکس چیمپین شپ سے دستبردار ہو گیا۔
قبل ازیں جنوبی ایشیا کے سات ممالک کے درمیان ہونے والی کراس کنٹری ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھارت نے شرکت کی تصدیق کی تھی۔
بھارتی ٹیم نے ان مقابلوں میں شرکت کے لیے ہفتے کو پاکستان پہنچنا تھا۔ تاہم، عین آخری لمحات میں بھارت کی طرف سے دستبرداری کا اعلان کر دیا گیا۔
دوسری جانب مالدیپ نے بھی چیمپئن شپ میں شرکت سے معذرت کرلی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کراس کنٹری چیمپین شپ کا انعقاد ہو رہا ہے۔
اتوار کو اسلام اباد میں ہونے والی چیمپین شپ میں اب میزبان پاکستان، بنگلا دیش، بھوٹان، سری لنکا اور نیپال کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
کراس کنٹری ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 10 کلومیٹر کی دوڑ کے ساتھ 8 کلو میٹر کی انڈر20 دوڑ بھی شامل ہوگی۔ان مقابلوں کے لیے2 کلومیٹر کا خصوصی ٹریک تیار کیا گیا ہے۔
دریں اثنا کھیلوں کے حلقوں نے بھارت کی جانب سے اپنائی جانے والی ہٹ دھرمی اپنا کر کھیلوں میں سیاست شامل کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ا ن کا کہنا ہے کہ بھارت کو اپنی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔