
کراچی کے علاقے بلدیہ حب ریور روڈ پر ٹرالر اور کوسٹر کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوسٹر نے تیز رفتاری کے باعث ٹرالر کو پیچھے سے ٹکرا دیا، جس سے کوسٹر کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر ایدھی ایمبولینس سروس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
زخمی ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ ثناء، 20 سالہ گل ناز، 17 سالہ طحہٰ، 60 سالہ اصغر، 50 سالہ جمال، 35 سالہ نامعلوم، 50 سالہ پرویز، 15 سالہ بلال، 20 سالہ نعمان اور 18 سالہ کاشف کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرالر کا ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔ حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد حب چوکی میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔