پاک بھارت ٹاکرے میں محمد شامی نے بدترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا

میچ کے دوران بھارتی فاسٹ بولر اپنی بھرپور فارم میں نظر نہیں آئے


ویب ڈیسک February 24, 2025

کراچی:

چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریفوں بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ میں بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

پہلے ہی اوور میں 5 وائیڈ گیندیں پھینک کر شامی کو اپنا پہلا اوور مکمل کرنے میں 11 گیندیں لگیں، جس کے ساتھ ہی انہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں کسی بھارتی بولر کے سب سے طویل اوور کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ 

اس سے قبل 2017 کے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں جسپریت بمراہ نے پاکستان کے خلاف 9 گیندوں کا اوور کرایا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میچ میں بھارت کو 180 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔  

چیمپئنز ٹرافی کے کسی بھی میچ کے پہلے اوور میں سب سے زیادہ وائیڈ گیندیں کرانے کا ریکارڈ بھی اب شامی کے نام ہو چکا ہے تاہم اس ٹورنامنٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ وائیڈ گیندیں (7) کروانے کا ریکارڈ زمبابوے کے تیناشے پنیانگارا کے پاس ہے۔

محمد شامی اپنی بھرپور فارم میں نظر نہیں آئے اور تیسرے اوور کے دوران ٹیم کے فزیو کو ان کی دیکھ بھال کے لیے میدان میں آنا پڑا، جس کے بعد وہ مختصر وقت کے لیے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے لیکن بعد میں دوبارہ میدان میں واپس آئے۔  

بھارت کے مرکزی فاسٹ بولرز محمد شامی اور ہرشت رانا اپنی ابتدائی اسپیل میں کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔ تاہم ہاردک پانڈیا نے بابر اعظم کو آؤٹ کر کے بھارت کو پہلی کامیابی دلائی۔  

چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے پہلے میچ میں محمد شامی نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے 53 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں