
اتحاد ٹاؤن بلدیہ سیکٹر 9 بی فاروق اعظم مسجد کے قریب بیوی کے خلع لینے پر ایک شخص نے سسرال کے سامنے خود کو گولی مارلی جسے شدید زخمی حالت میں سول اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن چوہدری جاوید نے بتایا کہ خود کو گولی مار کر خودکشی کرنے والے کے شناخت 25 سالہ وقار ولد عبدالواحد کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وقار جناح اسپتال میں سیکیورٹی گارڈ تھا جس نے اسپتال میں زیر علاج والدہ کی تیمار داری کرنے والی لڑکی سے 5 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور اسے بھگا کر سانگھڑ لے گیا تھا۔
وقار کے اہلخانہ نے ناپسندگی کا اظہار کیا جبکہ وہ اپنی بیوی پر تشدد بھی کرتا تھا جس کے باعث وہ اپنے گھر اتحاد ٹاؤن آگئی تھی اور اس نے شوہر سے علیحدگی کے لیے 3 ماہ قبل خلع کی درخواست دائر کردی تھی جس کی (آج) بروز بدھ کو کورٹ میں تاریخ بھی مقرر تھی۔
وقار نے خلع کی درخواست واپس لینے کیلیے اپنی اہلیہ پر بھی زور دیا اور نہ ماننے پر وہ سانگھڑ سے 12 بور کی گن سمیت بیوی کو منانے اس کے گھر پہنچ گیا اور ناکامی پر گھر کے باہر ہی خود کو قریب سے کاندھے پر فائر کر کے شدید زخمی کرلیا جو بعدازاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے متوفی وقار کا اسلحہ اور استعمال کیے جانے والا کارتوس قبضے میں لے لیا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے ۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔