
بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں پولیس اسٹیشن سے چند میٹر کے فاصلے پر واقع سوارگیٹ بس اسٹینڈ پر خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ملزم دیگر جرائم میں ضمانت پر آزاد ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جائے وقوع کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم کی شناخت دتاتریا رام داس کے نام سے ہوئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
پولیس نے بتایا تھا کہ ملزم 36 سالہ رام داس کا پہلے مجرمانہ ریکارڈ ہے جبکہ متاثرہ خاتون گھریلو ملازمہ ہیں جو ضلع ساتارا میں واقع اپنے گاؤں پھالٹن جارہی تھیں اسی دوران انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور تشدد بھی کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ ملزم نے متاثرہ خاتون کو پہلے بہن کہتے ہوئے مخاطب کیا اور خاتون کے مطابق جب انہوں نے اپنی منزل مقصود کا بتایا تو انہیں اسٹیشن میں کھڑی گاڑی کا بتایا گیا جس میں کوئی لائٹ نہیں تھیں اور انہیں وہاں بٹھایا گیا۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ جب وہ گاڑی کی طرف جانے کے لیے ہچکچاہٹ کا شکار ہوئیں اور روشنی نہ ہونے کی نشان دہی کی تو انہیں بتایا گیا کہ مسافر سو رہے ہیں، اسی لیے اندھیرا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب وہ بس میں داخل ہوئیں تو مذکورہ شخص نے اندر چھلانگ لگائی اور دروازہ بند کردیا اور ریپ کا نشانہ بنایا اور اس کے بعد دوسری گاڑی میں بٹھایا گیا جس میں ان کی دوست بھی سوار تھیں۔
خاتون نے بتایا کہ انہوں اپنی دوست کو ریپ کا بتایا تو انہوں نے پولیس میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی، پولیس کا کہنا تھا کہ اس نے فوری طور پر شکایت درج کر اور سی سی ٹی وی فوٹیج تک رسائی کرلی۔
ڈپٹی کمشنر پولیس سمارتنا پٹیل نے صحافیوں کو بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ خاتون ملزم کے ساتھ بس کی طرف جا رہی ہیں اور پولیس نے فوٹیج سے ہی اس کی شناخت کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا اس وقت لوگوں کی بڑی تعداد اور کئی بسیں اسٹیشن کے اطراف میں موجود تھیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔