
بجلی کی سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کے لیے بجلی ایک ماہ کے لیے دو روپے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر نیپرا نے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سی پی پی اے نے درخواست جنوری کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی ہے جس کے تحت بجلی کی قیمت میں فی یونٹ دو روپے تک کمی ہو سکتی ہے۔ درخواست کے مطابق جنوری میں 7 ارب 81 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی۔
سی پی پی اے کی درخواست پر چیئرمین نیپرا وسیم مختار چوہدری کی زیر صدارت سماعت ہوئی۔
سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ ماہ جنوری میں 7 ارب 81 کروڑ بجلی یونٹ فروخت کی گئی، مقامی کوئلے کا استعمال زیادہ ہوا ہے۔ حکومتی پیکج میں اضافہ ہوا ہے جو مختلف کیٹیگری میں ہے۔
حکام نے کہا کہ جنوری کا ماہ ہمارے لئے مشکل ہے لیکن شکر ہے کہ کوئی بڑا بریک ڈاؤن نہیں ہوا، پچھلے سال جنوری کے مقابلے میں اس سال جنوری میں بہتری آئی ہے اور جنوری میں بجلی کے استعمال میں دو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آر ایف او کم استعمال ہوا ہے، ملک میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی صورتحال اچھی نہیں رہی۔
چئیرمین نیپرا نے آئندہ سماعت پر واپڈا حکام کو بھی ہائیڈل پر بریفنگ کے لیے طلب کر لیا۔
مزید پڑھیں؛ بجلی کی قیمت میں بڑی کمی کیلیے کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
وزارت پاور حکام نے بتایا کہ زرعی صارفین کو منفی ایف سی اے کا فائدہ نہیں دیا جاتا لہٰذا زرعی صارفین کو منفی ایف سی اے کا فائدہ دیا جائے۔
سی پی پی اے حکام کے مطابق جنوری میں ایف سی اے کی مد میں ریفرنس لاگت 11 روپے رہی، جنوری میں 7 ارب 81 کروڑ یونٹ بجلی فروخت ہوئی، صارفین کے لیے ریفرنس لاگت فرق کے باعث 15 ارب سے زائد کا ریلیف بنتا ہے۔ ساہیوال پلانٹ درآمد کوئلے سے 65 فیصد چلایا گیا، گزشتہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی ریلیف صارفین کو جائے گا۔ موسم سرما پیکج کے تحت صنعت نے 63 فیصد بجلی کا استعمال کیا، جنوری 24 اور جنوری 25 میں بجلی کی فروخت میں 1881 میگاواٹ فرق رہا۔
پاور ڈویژن نے ایف سی اے کیٹیگری میں زرعی ٹیوب ویلز صارفین کو شامل کرنے کی استدعا کی۔
پاور ڈویژن نے موقف اپنایا کہ 300 تک یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو بھی کیٹیگری میں شامل کیا جائے، کل منسٹری نے اتھارٹی کو خط لکھا ہے اس معاملے کو دیکھا جائے، ایف سی اے کیٹیگری میں شامل ہونے سے دیگر صارفین پر اثر نہیں پڑے گا، ایف سی اے کی مد میں کمی کا ریلیف تمام صارفین کو ملے گا۔
نیپرا نے بجلی 2 روپے تک سستی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی۔ نیپرا اتھارٹی اعداد و شمار کا جائزہ لیکر بعد میں فیصلہ جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 95 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کے لیے نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔