
بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردانہ حملے میں 9 شہریوں کی شہادت اور 16 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج خارجیوں نے افطار کے وقت جب بنوں بازار میں رش تھا، بارود سے بھری دو گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، اس بزدلانہ حملے میں 9 شہریوں کی شہادت اور 16 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی بر وقت کاروائی سے بنوں کینٹ کے باہر گھبراہٹ میں دہشت گردوں نے دو بارود سے لدی ہوئی گاڑیاں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائیں، جس سے قریبی گھر کے منہدم ہونے سے معصوم شہریوں کی شہادتوں اور ان کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ خوارج کومختلف انٹری پوائنٹس پر موجود چوکس سکیورٹی عملے نے ہلاک کردیا جبکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خارجیوں کا ماہ رمضان میں افطار کے وقت معصوم شہریوں اور مسجد کو نشانہ بنانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ان خارجیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام خارجیوں کا صفایا کرنے تک فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
صدر و وزیراعظم کی شدید مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نے بنوں کینٹ پر افطار کے دوران دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔ صدرمملکت کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں افطار کے دوران ایسا حملہ گھناؤنا عمل ہے، پوری قوم ایسی مذموم کاروائیوں کو مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کی سرکوبی کیلیے کارروائیاں جاری رکھنے کیلیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرادری نے شہداء کیلیے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔
دریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دہشت گردانہ حملے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ حملہ آور خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی بھی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں نے فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنایا، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج پاکستان اور اس کے معصوم شہریوں کے دشمن ہیں جن کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، فتنہ الخوارج کی مکمل سرکوبی تک اس کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیرِاعظم نے شہدا کیلیے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلیے صبر جمیل اور واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔