اپنے پیاروں سے دور بسنے والے پاکستانی بھی اپنی یادوں میں اہلخانہ کو بسائے عید کی خوشیاں بانٹ رہے ہیں۔ فوٹو؛فائل
سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں، یورپ اور امریکا میں آج عیدالفطر روایتی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔
خلیجی ریاستوں ، یورپ اور امریکا میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد عیدالفطر کا اعلان کیا گیا اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے اپنے رب کے حضور رمضان المبارک میں کی جانے والی عبادات کی مقبولیت کے لئے دعائیں مانگیں۔ مسجد حرام میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8:15 بجے عید کی نماز ادا کی گئی، اسی طرح مدینۃ المنورہ میں بھی نماز عید ادا کی گئی اور وزیراعظم نواز شریف نے مسجد نبوی ﷺ میں ہی نماز عید ادا کی۔
دوسری جانب عید الفطر کی تیاریوں کے لئے دنیا بھر کی طرح امریکا اور یورپ میں بھی بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں، بچوں نے رمضان المبارک میں ہی نئے کپڑے اور خوشبوجات خرید کرلیں جبکہ خواتین بھی عید کی خوشیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ ادھر اپنے پیاروں سے دور خلیجی ممالک، مغرب اور یورپ میں بسنے والے پاکستانی بھی اپنی یادوں میں اہلخانہ کو بسائے عید منا رہے ہیں۔