چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان متاثرین کو سندھ اور پنجاب میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینا قابل مذمت ہے، تحریک انصاف آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
بنوں میں متاثرین شمالی وزیرستان آپریشن کے ساتھ عید الفطر مناتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کاکہنا تھا کہ متاثرین کی مشکلات کم کرنے کے لئے خیبرپختونخوا حکومت اور تحریک انصاف ہر ممکن اقدامات کرے گی اور آئی ڈی پیز کی زندگی آسان بنانے کے لئے جو کچھ بھی کرسکے وہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ سارا پاکستان مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے ساتھ عید منانے کا وعدہ پورا کرنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں تاہم موسم کی خرابی کے باعث وقت پر بنوں نہ پہنچ سکا جس کے باعث متاثرین کے ساتھ نماز عید کی ادائیگی نہ ہوسکی جس پر معذرت خواہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر متاثرین کی پریشانیاں حل کرنے کے لئے پیش پیش ہیں اور تحریک انصاف اسی طرح آئی ڈی پیز کی مدد جاری رکھے گی۔