
سیکرٹری جنرل پاکستان عوام پارٹی مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ گرینڈ اپوزیشن الائنس پلیٹ فارم کا کوئی آئین نہیں بننے جا رہا اور نہ ہی کوئی منشور بننے جا رہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا موقف ہے کہ بہت سی چیزوں پر اتفاق رائے کی ضرورت ہی نہیں ، صرف آئین اور قانون کی بالا دستی پر ہی اتفاق ہو جائے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوام پارٹی مفتاح اسماعیل نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’ سینٹراسٹیج ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن گرینڈ الائنس پلیٹ فارم کا کوئی آئین نہیں بننے جا رہا اورنہ ہی کوئی منشور بننے جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق اسپیکراور سینئررہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا تھا کہ گرینڈ اپوزیشن الائنس کا ایک آئین بننے جا رہا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ فی الحال سب اکٹھے ہو جائیں ، اگلی اسٹیج پر پھر باقی معاملات پر کوشش کی جائے ،عید کے بعد ہی گرینڈ الائنس کے معاملے پر کام شروع ہو گا ، رمضان میں کچھ زیادہ سیاسی سرگرمیاں نہیں ہو پائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا موقف ہے کہ بہت سی چیزوں پر اتفاق رائے کی ضرورت ہی نہیں ، صرف آئین اور قانون کی بالا دستی پر ہی اتفاق ہو جائے۔ کل بھی اپوزیشن جماعتوں کی ملاقات متوقع ہے، ابھی ہم بات کر رہے ہیں کہ کیا مشترکہ ایجنڈا ہو، کانفرنس اعلامیے کے مطابق ہی ہم ایک مشترکہ ایجنڈا تشکیل دے رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اخبار میں اداریے لکھنا اور تقاریب میں جا کر تقاریر کرنا اور لوگوں کو اپنے موقف پر قائل کرنا بھی جدوجہد کا حصہ ہوتا ہے ۔ شاہد خاقان عباسی اور محمود اچکزئی کی کوشش ہے کہ متفقہ ایجنڈے پر ان جماعتوں کو لے آئیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔