پی ٹی آئی رہنما کی چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی تعریف


سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرکے اپنا آئینی کردار ادا کیا، پوری اپوزیشن کی طرف سے آپ کے شکرگذار ہیں۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر نے ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قاسم رونجھو کے استعفی سے پہلے ہماری سینیٹر نے استعفی دیا، قاسم رونجھو کی سیٹ پر الیکشن ہوگیا، نئے سینیٹر آگئے، ثانیہ نشتر کے استعفی کے باوجود سیٹ خالی نہیں کی گئی۔
شبلی فراز نے کہا کہ جس صوبہ میں پی ٹی آئی کی اکثریت ہے وہاں سینیٹ الیکشنز نہیں کرائے جا رہے، یہ ایوان نامکمل ہے، بتایا جائے کے پی میں سینیٹ الیکشنز کیوں نہیں کروا رہے؟ آپ نے اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرکے اپنا آئینی کردار ادا کیا، پوری اپوزیشن کی طرف سے آپ کے شکرگذار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ذلت ایک رکن کی ہو، پورے ایوان کی زلت ہوتی ہے، آپ نے بائیکاٹ کرکے بھی ہمت دکھائی، اعجاز چوہدری کو قانون کے مطابق ایوان میں لایا جائے، ہماری اصل ڈیمانڈ وہی ہے اعجاز چوہدری کو لایا جائے۔