خواتین کا عالمی دن؛ پنجاب میں سسرالیوں کے ہاتھوں بہو قتل، دیور نے بھابی کو زندہ جلادیا

چشتیاں میں فروا کو ڈنڈا مار کر اور گلا دبا کر قتل کردیا گیا، فتح آباد میں دیور نے بھابی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی


ویب ڈیسک March 08, 2025
درندہ صفت جاگیردار نے معمولی بات پر پٹرول چھڑک کر ملازمہ کو آگ لگادی۔ فوٹو: فائل

لاہور:

آج خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جب کہ پنجاب میں خواتین کے قتل کے 2 افسوس ناک واقعات بھی آج ہی کے دن پیش آ گئے۔
 

پولیس کے مطابق چشتیاں کے نواحی علاقے میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو قتل کردیا ۔30 سالہ مقتولہ کی شناخت فروا کے نام سے ہوئی، جو ایک بچی کی ماں تھی۔

اطلاعات کے مطابق شادی شدہ خاتون کے سر میں ڈنڈا مار کر اور اس کا گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ واقعہ بستی شیرازیاں میں پیش آیا، جس کی اطلاع ملتے ہی تھانہ بخشن خان پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے آنے پر ملزمان جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج    کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب فتح آباد میں شک کی بنا پر دیور نے تیل چھڑک کر بھابی کو آگ لگا کر زندہ جلا ڈالا۔ پولیس کے مطابق نِدا کے پاس سے موبائل ملا، جس پر دیور نے ناجائز تعلقات کے شبہے میں پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

زندہ جلائے جانے کے بعد نِدا کو تشویش ناک حالت میں ٹی ایچ کیو بھلوال منتقل کیا گیا۔ طبی ذرائع کے مطابق خاتون کا 90 فی صد جسم جھلس چکا تھا، جو اسپتال میں دوراج علاج چل بسی۔

مقتولہ ایک بچی کی ماں تھی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خاتون کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ میں نجی مل میں ملازم ہوں، مجھے گھر والوں نے اسپتال بلایا۔ میری پسند کی شادی تھی اور 6ماہ کی بیٹی بھی ہے۔

مقتولہ نِدا کے والد ممتاز کی درخواست پر پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ ٹی ایچ کیو بھلوال میں خاتون کا پوسٹ مارٹم بھی کرلیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں