
کراچی کی انتظامیہ نے ناجائز منافع خوروں کیخلاف نئی حکمت عملی تیار کرلی اور اشیا اپنی نگرانی میں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ناجائز منافع خوروں کے خلاف کراچی انتظامیہ کی مہم جاری ہے، مہم کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے انتظامیہ کے افسران نے سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کی اشیا کو اپنی نگرانی میں سرکاری نرخوں پر نیلام کرنے یعنی فروخت کرنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے ۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ گراں فروشوں سے کوئی رعایت نہ کریں شہریوں کو ہر ممکنہ طور پر سرکاری نرخ پر اشیا فراہم کریں، ناجائز منافع خوروں کو پابند کرنے کے لئے اپنی نگرانی میں ان کی اشیا نیلام کریں سرکاری نرخ پر فروخت کرائیں تاکہ اشیا کی سرکاری نرخو ں پر شہریوں کو فراہمی کی کوششیں بارآور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے ساتویں روز بھی اشیا کو سرکاری نرخ پر نیلام کرنے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے سرکاری نرخوں پر اشیا کی نیلامی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ کے مطابق مجسٹریٹس نے اپنی نگرانی میں شہر کے 63 مقامات پر سرکاری نرخ پر اشیا فروخت کرائی۔اشیا کی سرکاری نرخ پر نیلامی کی حکمت عملی پر گزشتہ تین روز سے عمل جاری ہے.
مجموعی طور پر گزشتہ تین روز میں 151 دکانداروں کی اشیا کی نیلامی کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنرز نے اس حکمت عملی کو شہریوں کوریلیف فراہم کرنے کی عملی کوشش قرار دیا ہے. انھوں نے کہا ہے کہ شہریوں نے اس کوشش کو سر اہا ہے .
دوسری جانب کمشنر آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مجموعی طور کراچی میں ماہ رمضان کے ساتویں روز 180 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ 13 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا اور چار دکانیں سیل کی گئیں۔
گزشتہ سات روز میں ایک ہزار ایک سو 65 گراں فروشو ں کے خلاف کارروائی میں ایک کروڑ 84 لاکھ 48 ہزار روپے جرمانہ عاید کی گیا سات روز میں ایک سو دس گراں فروش گرفتار کئے گئے اور 72 دکانیں سیل کی گئیں۔
ضلع جنوبی میں سات روز میں چھ لاکھ 13ہزار روپے جرمانے، شرقی میں ایک لاکھ66 ہزار، غربی میں 13ہزار، وسطی میں ایک لاکھ 64 ہزار روپے ملیر میں 53 ہزار کورنگی میں ایک لاکھ 96 ہزار روپے اور ضلع کیماڑی میں 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔