
اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) نے لاہور سے سعودی عرب جانے والے مسافر کے سامان سے صابن میں چھپائی گئی ہیروئن برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے صابن میں چھپائی گئی 470 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ مختلف کارروائیوں کے دوران کاروائیوں میں1 کروڑ سے زائد مالیت کی 80.470 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
راولپنڈی میں بس اسٹاپ کے قریب ملزم سے 150 عدد ٹنز میں موجود 52.5 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں ملزم کے فلیٹ اور کار سے مجموعی طور پر 7.5 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔
ضلع قصور میں دیپالپورروڈ پر پیٹرول پمپ کے قریب 4 ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 9.6 کلو گرام افیون اور 2 کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔ شیرانوالہ گیٹ لاہور کے قریب ملزم کے قبضے سے 6 کلو گرام افیون اور 2.4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔