
امریکہ میں ہونے والے 9/11 کے حملے تاریخ کے سب سے المناک واقعات میں سے ایک مانے جاتے ہیں اور جو اس وقت وہاں موجود تھے وہ آج بھی اس حادثے کو یاد کرکے خوفزدہ ہوجاتے ہیں۔
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان بھی بدقسمتی سے 9/11 کے وقت نیویارک میں اپنی اہلیہ گوری خان، بیٹے آریان اور کرن جوہر کی والدہ ہیرو جوہر کے ساتھ موجود تھے۔ بعد میں انہوں نے اپنی مشہور فلم ’مائی نیم از خان‘ کی تشہیر کے دوران اپنے تجربے کے بارے میں بتایا کہ اس واقعے کے وقت وہاں ہونا کتنا حیران کن اور خوفناک تھا۔
اداکار نے بتایا کہ انہیں صبح ہیرو جوہر نے ہڑبڑی میں جگایا اور ٹی وی کھول کر خبریں لگا دیں۔ کرن جوہر کی والدہ یہ سمجھیں تھیں کہ یہ اس پرواز کے بارے میں ہے جو ان کے فلمی عملے نے چند گھنٹے پہلے ٹورنٹو کے لیے لی تھی لیکن جلد ہی انہیں احساس ہوا کہ اصل میں کیا ہو رہا تھا۔
اس وقت گھر میں صحافی ان کی فلم اشوکا کے بارے میں انٹرویو کے لیے شاہ رُخ خان کا انتظار کر رہے تھے، اور ہر کوئی اس خوفناک واقعات کو سامنے آتے دیکھ کر صدمے میں تھا۔
شاہ رُخ نے بتایا کہ پروازیں منسوخ ہونے اور شہر میں افراتفری کے باعث وہ اور ان کی فیملی کچھ دنوں کے لیے نیویارک میں پھنس گئی تھی۔ مسلمان ہونے کی وجہ سے انہیں بھی دیگر لوگوں کی طرح مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ ایک بچے اور ایک بوڑھی عورت کے ساتھ سفر کر رہے تھے اس لیے لوگوں نے جتنی ہو سکتی تھی ان کی مدد کی۔
بالآخر وہ ٹورنٹو پہنچنے میں کامیاب ہو گئے، اور وہاں سے واپس بھارت چلے گئے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اس طرح کے مشکل وقت میں ملنے والی لوگوں کی مدد کے لیے شکر گزار تھے۔
شاہ رخ نے کہا کہ اس تجربے کے خوفناک منظر ان کے ساتھ کئی سالوں رہے جیسا کہ بہت سے دوسرے لوگوں کے لیے تھا۔ اتنی تباہی کو قریب سے دیکھ کر انہیں احساس ہوا کہ زندگی کتنی نازک ہے۔
یہی وجہ تھی کہ برسوں بعد، جب شاہ رُخ خان نے ’مائی نیم از خان‘ بنائی، جس میں نائن الیون کے بعد کی زندگی کے بارے میں بتایا گیا ہے، تو وہ فلم کے جذبات سے وہ بہت گہری سطح پر جڑ چکے تھے کیونکہ وہ وقت ان پر خود گزرا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بے یقینی اور خوف کے ان دنوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ اگرچہ وہ اور ان کا خاندان محفوظ تھا، لیکن انکے ارد گرد موجود لوگوں کا درد اور نقصان دل دہلا دینے والا تھا۔ یہ ایک ایسا وقت تھا جس نے دنیا کو بدل دیا، شاہ رُخ نے مزید کہا کہا کہ انہوں نے اپنے پیاروں کے ساتھ باحفاظت گھر واپس آنے پر خدا کا شکر ادا کیا اور خود کو خوش قسمت قرار دیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔