ریلوے اسٹیشنز کی سولرائزیشن کا آغاز

گجرات اور گجرانوالہ اسٹیشنز کی سولرآئزیشن کا کام جاری ہے، ریلوے حکام
Express NewsExpress News

لاہورریلوے ڈویژن نے پی سی ون کے تحت ریلوے اسٹیشنز کی سولرائزیشن پر منتقلی کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

رائیونڈ ریلوے اسٹیشن کی سولر پر مکمل منتقلی کے بعد گوجرانوالہ اور گجرات ریلوے اسٹیشنوں کی سولرائزیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر لاہور محمد ناصر کے مطابق ریلوے لاہور ڈویژن کے 14 بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر سولرائزیشن سسٹم انسٹال کیا جائے گا جن میں اوکاڑہ،  اوکاڑہ کینٹ، سانگلہ ہل، چک جھمرہ، کوٹ لکھپت، والٹن، لاہور کینٹ، چھانگا مانگا، کالا شکاکو اور کوٹ رادھا کشن شامل ہیں۔

سولر سسٹم کی تنصیب کے بعدایک ریلوے اسٹیشن سے 3 ہزار یونٹ بجلی بچت کے ساتھ ماہانہ 15 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ اسی طرح ریلوے لاہور ڈویژن میں سولرائزیشن سے ادارے کو ماہانہ 2 کروڑ 10 لاکھ روپے بجلی کی مد میں بچت ہوگی۔ ڈویژنل الیکٹریکل انجینیئر پاور نے مزید کہا کہ ڈی ایس ریلوے لاہور ڈویژن محمد حنیف گل کی لیڈرشپ میں سولرائزیشن پروجیکٹ جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

ریلوے اسٹیشنوں کی سولر پر منتقلی کے حوالے سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل کا کہنا ہے کہ سولرائزیشن سے اسٹیشنوں کو بلا تعطل بجلی دستیاب  رہے گی جس سے ٹرین آپریشن مزید بہتر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں کی سولرائزیشن پر منتقلی سے محکمے کو ریونیو میں خاطرخواہ بچت ہوگی۔ واضح رہے ریلوے لاہور ڈویژن نے پی سی ون کے تحت سب سے پہلے سولرائزیشن سسٹم پر کام کا آغاز کیا۔  

Load Next Story