لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا، کالعدم تحریک طالبان کا خود کش بمبار گرفتار

برکی روڈ کےقریب سی ٹی ڈی کی کارروائی،خود کش بمبار سےخودکش جیکٹ،بارودی موادبرآمد،ایک دہشتگرد زخمی حالت میں فرار،ترجمان


ویب ڈیسک March 14, 2025
فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

لاہور:

برکی روڈ کے قریب سی ٹی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم  تحریک طالبان کے خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا، ایک دہشت گرد زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔ 

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نےخفیہ اطلاع کی بنیاد پر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے برکی روڈ کے قریب کارروائی کی جس میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خود کش دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا زخمی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ 

ترجمان کے مطابق گرفتار خود کش بمبار کی شناخت حافظ شمس کے نام سے ہوئی ہے جو بلوچستان کا رہائشی ہے اور اس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، خود کش بمبار کے قبضے سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ 

فوٹو: ایکسپریس نیوز

ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس  افسران موقع پر پہنچ گئے، جبکہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے برکی کے نواحی علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ 

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد لاہور پربڑے حملے کی  منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے، مگر بروقت کارروائی سے شہر بڑی تبادہی سے بچ گیا۔ 

سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں