
فیڈرل بی ایریا میں مقامی اخبار کے چیف کرائم رپورٹر و سابق صدر کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن کے اہلخانہ کو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے رکشے میں یرغمال بنا کر طلائی زیورات و دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا، کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن نے ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں واقع سرکاری اسکول کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے مقامی اخبار کے چیف کرائم رپورٹر و سابق صدر کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن کاشف ہاشمی کی 2 بھابھیوں اور ہمشیرہ کو رکشے میں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر گود میں موجود شیر خوار بچے کے سر پر پستول رکھ دی۔
ڈاکوؤں نے تینوں خواتین کی کلائیوں اور انگلیوں میں پہنی ہوئی طلائی چوڑیاں اور انگوٹھیاں زبردستی اتار لیں اس دوران خواتین کے ہاتھوں پر بھی زخم آئے، واردات کے بعد ڈاکوؤں کا 4 رکنی گروہ موقع سے باآسانی فرار ہوگیا، واردات کا مقدمہ یوسف پلازہ تھانے میں درج کرا دیا گیا۔
کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن نے خواتین کے ساتھ کی جانے والی لوٹ مار کی واردات پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے اور اس واردات کو بھی شہر میں لوٹ مار اور ڈکیتی کے واقعات کا تسلسل قرار دیا ہے۔
ترجمان کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے واردات کی تحقیقات کر کے ملوث ڈاکوؤں کا سراغ لگا کر انھیں فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔