روسی انفلوئنسر مرسڈیز سمیت قبر میں زندہ دفن؛ ویڈیو وائرل

ایوگینی چیبوٹاریو نے اپنی مرسڈیز گاڑی سمیت خود کو قبر میں دفن کروا دیا

روسی انفلوئنسر ایوگینی چیبوٹاریو کو مرسڈیز کار سمیت قبر میں دفن کردیا گیا، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر فوراً وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے کی دوڑ میں لوگ کچھ بھی کر گزرتے ہیں، لیکن روسی انفلوئنسر نے حال ہی میں ایک ایسا خطرناک اسٹنٹ کیا کہ دنیا بھر کے صارفین دنگ رہ گئے ہیں۔

ایوگینی چیبوٹاریو نے اپنی مرسڈیز گاڑی سمیت خود کو قبر میں دفن کروا دیا۔ ان کی اس حرکت کی ویڈیو نے اب تک 100 ملین سے زائد ویوز حاصل کرلیے ہیں۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس سارے منظر کے دوران ایوگینی بالکل پرسکون رہتا ہے، اور کیمرے کی طرف دیکھ کر مسکراتا ہے۔ وہ ایک بوتل بھی دکھاتا ہے، شاید یہ تجربے کے دوران اپنا وقت گزارنے کے لیے ساتھ لایا تھا۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شدید غم و غصہ اور حیرت کا طوفان برپا کرنے کےلیے کافی تھی۔ بہت سے صارفین نے اسے انتہائی بے وقوفانہ اور خطرناک حرکت قرار دیا۔ کچھ نے یہ سوال اٹھایا کہ آخر وہ زمین کے نیچے کیسے سانس لے رہا تھا؟ جب کہ کئی لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ اسٹنٹ کسی بھی لمحے جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا کے موجودہ رجحانات پر بھی سوال اٹھاتا ہے، جہاں لوگ فالوورز اور ویوز کے لیے انتہائی حدوں تک جانے کو تیار ہیں۔ اس طرح کے واقعات نہ صرف خود انفلوئنسرز کے لیے بلکہ ان کے مداحوں، خاص طور پر نوجوان نسل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں، جو ایسے رویوں کو دیکھ کر متاثر ہو جاتے ہیں۔

اب تک ایوگینی چیبوٹاریو کے خلاف کسی قانونی کارروائی کی اطلاعات نہیں آئیں، لیکن اس واقعے نے سوشل میڈیا کے منفی اثرات پر ضرور غور و فکر کی دعوت دی ہے۔

Load Next Story