بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ایک یا دومہینوں کے لیے نہیں ہوگی، وزیر پٹرولیم

وزیراعظم شہباز شریف جلد بجلی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کریں گے، وفاقی وزیر علی پرویز ملک


ویب ڈیسک March 16, 2025
فوٹو: فائل

لاہور:

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں نمایاں ایک یا دو مہینوں کے لیے نہیں ہوگی بلکہ دیرپا ہوگی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوٹ خواجہ سعید اسپتال کو ایک ڈسپنسری سے اسپتال میں تبدیل کیا، یہ اسپتال علاقے کی خدمت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی خاص ہدایت تھی کہ غریب افراد کے لیے آسانیوں کا باعث بنیں، یہاں روزانہ کی بنیاد پر افطاری کروائی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پٹرولیم کی منسٹری دینے کے ساتھ حکم دیا کہ عوام کو گیس کی لوڈشیڈنگ کی تکلیف پیدا نہ ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ سے گزر رہا ہے، ہم نے طے کرنا ہے کہ 70 اور 80 سال والا پرانا راستہ طے کرنا ہے یا اصلاحات کا راستہ اختیار کرنا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایک روپیہ جو پٹرول اور ڈیزل کی مد میں اکٹھا کیا جائے گا، اس پر شہباز شریف جلد بجلی کی قیمت گھٹانے کا اعلان کریں گے، بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوتا ہے تو لوگوں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ایک یا دو مہینے کے لیے نہیں ہوگی، شہباز شریف نے پی ڈی ایم کی حکومت سنبھالی تو پٹرول کی قیمت تین سو سے زیادہ تھی اس کو کم کیا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ فیکٹریوں کی چمنیوں کو دوبارہ آباد کریں گے، ہمارے بہادر جوان سرحدوں پر بیٹھ کر رات دن ایک کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ ہمارے پاک فوج کے جوانوں کی حفاظت فرمائے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ریاست پاکستان تمام وسائل مہیا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات بہترین انداز میں چلے ہیں، آئی ایم ایف نے شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا ہے، ہر جماعت کو پاکستان کے لیے اپنی پسند نا پسند سے الگ ہوکر اکٹھا ہونا پڑے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو بھی اپنے مفاد کے لیے سیاست کرے گا عوام اس کو برداشت نہیں کریں گے، جب بھی قرضے لیے ہیں عوام کو وہ واپس کرنے پڑے ہیں، چار ہزار ارب کا بوجھ گرڈ پر ہے اس کو بھی سہارا دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے سولر کے کنیکشنز آئیں گے ان کو گراس میٹر لگایا جائے گا، شمسی توانائی پاکستان میں ایک بڑی انرجی ہے،ہمیں ساتھ ساتھ اس گرڈ کو بھی سیف کرنا ہے جس پر عوام کے اربوں روپے لگے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کو کنٹرول کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی ضرورت ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر بیٹھیں۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ہماری پاک افواج پاکستان کی حفاظت کے دن رات ایک کررہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں