
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر مشکوک ای ویزا پر البانیا جانے کی کوشش ناکام بنادی، مسافر کو 2 ایجنٹوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن عملے نےکراچی ایئرپورٹ پرغیر قانونی ویزا پر سفر کرنے والے مسافر اور ایجنٹس کے خلاف کامیاب ایکشن کیا اورغیر قانونی ویزا پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
کارروائی کے دوران مرزا سکندر نامی مسافر کو 2 ایجنٹوں سمیت گرفتار کر لیا گیا،گرفتار ایجنٹوں کی شناخت مہران خالد اور شہروز جنید کے نام سے ہوئی، گرفتار مسافر نے جعلی ای ویزے پر البانیا جانے کی کوشش کی،مسافر کی جانب سے پیش کیا جانے والا ای ویزا جعلی تھا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مسافر نے جعلی ویزا ایجنٹوں سے 22 لاکھ روپے کے عوض حاصل کیا، ملزم نے 15 لاکھ روپے بینک کے ذریعے ادا کیے، مسافر کی نشاندہی پر ایف آئی اے امیگریشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے راجہ مہران خالد اور شہروز جنید کو کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔
مسافر اور ایجنٹوں کو مزید کارروائی کے لئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔