قومی سلامتی صورتحال، وزیراعظم کی ایڈوائس پر پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس طلب
فوٹو: فائل
وزیراعظم شہبازشریف کی ایڈوائس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بروز منگل دوپہر ڈیڑھ بجے طلب کر لیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ان کیمرہ منعقد ہو گا، جس میں سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں عسکری قیادت پارلیمانی کمیٹی کو ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال سے آگاہ کرے گی۔
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد کیا جائے گا جس میں پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر اور ان کے نامزد نمائندگان شرکت کریں گے اور اس کے ساتھ ہی متعلقہ اراکین کابینہ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان کیمرا اجلاس میں قومی سلامتی کے موجودہ حالات پر بریفنگ دی جائے گی اور تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے متفقہ پالیسی بنائی جائے گی۔