
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے پارٹی کو خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن میں مزید متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی دعوت پر پاکستان تحریک انصاف ہزارہ ڈویژن کی قیادت نے اسپیکر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔
اس موقع پر افطار کے بعد ہزارہ میں پارٹی امور کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی علی اصغر خان، ایم این اے علی خان جدون، سابق اسپیکر مشتاق احمد غنی، صوبائی وزیر نذیر احمد عباسی، ارشد ایوب خان، ایم پی اے اکبر ایوب خان، رجب علی عباسی، ریاض خان، افتخار خان جدون، ملک عدیل اقبال، تاج محمد ترند، اکرام غازی، زبیر خان، پی ٹی آئی کے صوبائی سینئر نائب صدر کمال سلیم سواتی، پی ٹی آئی ضلع مانسہرہ کے صدر سردار خان،سابق نائب صدر پی ٹی آئی ہزارہ فضل الہی، احسان اللہ باقی اور دیگر قائدین شریک ہوئے۔
اجلاس میں ہزارہ ڈویژن میں پاکستان تحریک انصاف کی تنظیمی امور کو مزید مستحکم کرنے، پارٹی کی فعالیت کو بڑھانے اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
قائدین نے پارٹی کے اتحاد اور مضبوطی پر زور دیتے ہوئے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔