کراچی کے صارفین کیلیے اچھی خبر؛ بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان

درخواست منظوری کی صورت میں صارفین کو ایڈجسٹ کی مد میں 4 ارب 69 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا


ویب ڈیسک March 20, 2025

کراچی:

شہر قائد کے صارفین کے لیے اچھی خبر ہے، جس کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کی مد میں قیمت میں کمی کے لیے کے الیکٹرک کی جنوری 2025ء کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

قبل ازیں کے الیکٹرک کی جانب سے جنوری کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 84 پیسےفی یونٹ کمی کی درخواست کی گئی تھی، جس کی منظوری کی صورت میں صارفین کو 4 ارب 69 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔

نیپرا ہیڈ آفس میں کے الیکٹرک کی بجلی کی قیمت میں 4 روپے 84 پیسے کمی کی درخواست پر سماعت کے دوران کے الیکٹرک حکام نے بتایا کہ بجلی خریداری کی وجہ سے بجلی کی قیمت کم پڑی۔ گزشتہ ماہ فرنس آئل سے بجلی پیدا نہیں کی گئی۔

ممبر نیپرا رفیق شیخ نے سوال کیا کہ سالانہ بنیادوں پر بجلی گروتھ میں 8 فیصد کمی ہوئی؟ گروتھ کم ہونے کی وجوہات کیا ہیں؟، جس پر کے الیکٹرک حکام نے بتایا کہ درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے بجلی کا استعمال کم ہوا۔ معاشی حالات کی وجہ سے بھی صنعتوں میں بجلی کا استعمال کم ہوا ہے جب کہ سولر پینل بھی بجلی استعمال میں کمی کی وجہ ہے۔

نیپرا نے کے الیکٹرک سے بجلی استعمال میں کمی کی وجوہات کے بارے میں ایک ہفتے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک بجلی کا استعمال کم ہونے کے بارے میں مفصل رپورٹ پیش کرے۔ علاوہ ازیں نیپرا نے تمام ڈسکوز سے نیٹ میٹرنگ صارفین کی رقم پر سود کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

کے الیکٹرک کے مطابق درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق تمام صارفین ماسوائے لائف لائن ، پروٹیکٹڈ صارفین، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔ نیپرا مزید جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں