ٹرمپ کی ایران کو جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لیے دو ماہ کی مہلت

ٹرمپ انتظامیہ ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے نئی اقتصادی پابندیاں اور سفارتی تنہائی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے


ویب ڈیسک March 20, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نیا جوہری معاہدہ کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دے دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایف پی کے مطابق، ٹرمپ نے ایک خط کے ذریعے ایران کو مذاکرات کی دعوت دی، جو متحدہ عرب امارات (UAE) کے صدر محمد بن زاید النہیان کے ذریعے ایرانی حکام تک پہنچایا گیا۔

امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان برائن ہیوز نے تصدیق کی کہ ٹرمپ ایران کے ساتھ جوہری تنازع کو جلد از جلد سفارتی طور پر حل کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم، ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر ایران مذاکرات سے انکار کرتا ہے تو متبادل اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی اس معاملے پر بات چیت کی، تاکہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جا سکے۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ ٹرمپ کا پیغام موصول ہو چکا ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، لیکن خامنہ ای نے امریکی حکمت عملی کو "دھمکی آمیز" قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

ٹرمپ انتظامیہ ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے نئی اقتصادی پابندیاں اور سفارتی تنہائی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ساتھ ہی، ٹرمپ نے ایران سے یمن میں حوثی باغیوں کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں