
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر یوزویندر چہل کی کوریوگرافر دھناشری ورما سے باضابطہ طور پر طلاق ہوگئی ہے جس کی تصدیق ان کے وکیل کی جانب سے کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دھناشری اور چہل آج باندرہ فیملی کورٹ میں پیش ہوئے، دونوں کو طلاق کی سماعت کے لیے اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ آج باندرہ فیملی کورٹ پہنچتے دیکھا گیا جہاں میڈیا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
کارروائی کے کچھ دیر بعد یوزویندرچہل کو عدالت کے احاطے سے نکلتے دیکھا گیا۔ فیملی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کے وکیل نے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوریوگرافر دھناشری ورما اور کرکٹر یوزویندر چہل کی شادی باضابطہ طور پر ختم ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ ہائی کورٹ نے اس سے قبل مشہور جوڑے کے طلاق کے لیے درخواست دائر کرنے کے بعد انہیں چھ ماہ کے صلح کا وقت دیا تھا جو کہ بھارتی قانون کا حصہ ہے اور فیملی کورٹ کو جمعرات 20 مارچ 2025 تک کارروائی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب دھناشری سے علیحدگی کے درمیان یوزویندر کی آر جے مہوش کیساتھ تعلقات کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں۔ یہ افواہیں اس وقت شروع ہوئیں جب چہل کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے فائنل میں مہوش کیساتھ دیکھا گیا۔ جبکہ حال ہی میں انہیں ایک مرتبہ پھر ان دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔