
قومی سلیکٹراسد شفیق دورہ نیوزی لینڈ میں موقع پانے والے نوجوان کھلاڑیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہم سیریز میں ناکامی کے باوجود کھلاڑیوں کو مزید مواقع دیں گے،ہماری نگاہیں آئندہ عالمی ٹی ٹٹی کپ پر ہیں۔
آئی بی اے سینٹر کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور قومی سلیکٹر اسد شفیق نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے نئے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر موقع دیا گیا ہے،ہمارا کام ہے کہ ڈومیسٹک سطح پر اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے والے باصلاحیت کرکٹرز کو بہتر مواقع فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگلےورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے مضبوط اور بہتر پاکستان ٹیم بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔جو بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اسے مواقع دیے جائیں گے۔حسیب اللہ کو آسٹریلیا میں موقع دیا تھا،تاہم بدقسمتی سے وہ انجری کا شکار ہو گئے،اگر وہ ردھم میں واپس آگئے تو دوبارہ موقع ملے گا۔ ہماری نظریں ہر اچھے کھلاڑی پر مرکوز ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اسد شفیق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی مختلف طرز کی کرکٹ ہوتی ہے،اس میں رسک بھی زیادہ ہوتا ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو مواقع دینے ہوتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر باصلاحیت اور اہل کھلاڑی کو بھرپور اور مکمل مواقع میسر آئیں۔یہ تاثر بھی قطعی طور پر درست نہیں ہے کہ سیریز میں ناکامی سے دوچار ہونےوالے کھلاڑیوں کو نکال باہر کیا جائے گا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔