
وفاقی حکومت نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں ردوبدل کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے متعدد قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں ستر بیسز پوائنٹس تک اضافہ کردیا گیا جبکہ سیونگ اکاؤنٹ ریٹ پر ریٹرن میں 100 بی پی ایس کمی کی گئی ہے۔
سی ڈی این ایس حکام نے بتایا کہ شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ (ایس ٹی ایس سی) کی شرح 15 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) اضافے کے بعد 10.81 سے بڑھا کر 10.96 فیصد کردی گئی ہے۔
ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس (ڈی ایس سی) پر منافع کی شرح اب ایک بیسز پوائنٹ بڑھا کر 12.15 فیصد کردی گئی ہے۔ پنشنر بینیفٹ اکاؤنٹ، بہود سیونگ سرٹیفکیٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ کی شرح 10 بی پی ایس اضافے کے بعد 13.68 فیصد ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ (ایس آئی ٹی اے) اور سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ (ایس آئی ایس اے) کی جانب سے پیش کردہ شرح 70 بیسز پوائنٹس بڑھ کر 9.74 فیصد سے 10.44 فیصد ہوگئی
دوسری جانب سیونگ اکاؤنٹ ریٹ پر ریٹرن میں 100 بی پی ایس کمی کی گئی ہے اور اب اس پر 11.5 فیصد کے مقابلے میں 10.5 فیصد ریٹرن دیا جائے گا
منافع کے گوشواروں میں یہ تبدیلیاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی جانب سے پالیسی ریٹ کو 12 فیصد پر برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد کی گئی ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔