یوکلِڈ ٹیلی اسکوپ سے حاصل ہونیوالے کائنات کے متعلق اہم ڈیٹا جاری

ایک ہفتے تک جاری رہنے والے مشاہدے میں کروڑ 60 لاکھ کہکشاؤں کو دیکھا گیا


ویب ڈیسک March 20, 2025
(تصویر: ای ایس اے)

یورپین اسپیس ایجنسی نے یوکلِڈ اسپیس ٹیلی اسکوپ سے حاصل ہونے والا پہلا ڈیٹا جاری کر دیا جس کے حوالے سے امید کی جارہی ہے کہ یہ ڈارک میٹر اور ڈارک انرجی کو سمجھنے میں مدد دے گا۔

حاصل ہونے والے ابتدائی ڈیٹا میں آسمان کے تین ٹکڑے دکھائے گئے ہیں اور ہر حصے میں کہکشاؤں کے جتھے موجود تھے۔ عکس بند کیا گیا ہر حصہ دنیا سے دیکھے جانے والے چاند کے سائز سے 300 گُنا بڑا تھا۔

ایک تہائی آسمان کی اسکیننگ کے بعد یوکلِڈ سے یہ امید کی جا رہی ہے کہ ٹیلی اسکوپ کائنات کا مکمل نقشہ تیار کر لے گی۔

2023 میں فلوریڈا سے چھ سالہ مشن پر لانچ کی جانے والی یوکلِڈ ایک مدار میں گھومتی آبزرویٹری ہے جو کائنات کے پھیلنے، وقت کے ساتھ اس کی ساخت تشکیل پانے، ڈارک انرجی اور ڈارک میٹر کے متعلق معلومات بڑے پیمانے پر کششِ ثقل کے کردار کے حوالے سے ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہے۔

پیش کیا جانے والا ڈیٹا ایک ہفتے کے مشاہدے پر مبنی ہے جس میں تینوں خطوں کا ایک اسکین شامل ہے لیکن اس مشاہدے میں 10.5 ارب نوری سال تک کے فاصلے پر 2 کروڑ 60 لاکھ کہکشاؤں کو دیکھا گیا۔

یورپی خلائی ایجنسی کے ڈائریکٹر آف سائنس اور آسٹروفزسسٹ کیرول میونڈیل نے یوکلِڈ کو ’ڈارک ڈیٹیکٹیو‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ہم کائنات کاتقریباً 5 فی صد حصہ سمجھتے ہیں۔ باقی 95 فی صد تاریک اور نامعلوم ہے۔

بدھ کے روز جاری کیے گئے مختلف شکل اور سائز کی 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد کہکشاؤں پر مبنی پہلے تفصیلی کیٹلاگ کی حلزونی بازو اور مرکزی بار جیسی خصوصیات کے اعتبار سے درجہ بندی کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں