
پسند کی شادی میں ناکامی پر دریا میں چھلانگ لگانے والے مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی لاش دریائے جہلم میں چناری کے مقام سے برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے اوڑی میں خودکشی کرنے والے 22 سالہ نوجوان کی لاش چناری کے مقام سے برآمد ہوئی ہے۔ جس کی شناخت 22 سالہ یاسر حسین کے نام سے ہوئی۔
متوفی کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے علاقہ بس گراں ، اوڑی ضلع بارہ مولہ سے ہے۔ جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات مقامی لوگوں کی اطلاع پردریا کنارے لگی لاش کوریسکیو کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے حکام اورلواحقین نے رابطہ کیا تو لاش کوغیرفعال چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ سے واپس بھیجا جائے گا، متوفی یاسر کی لاش ڈی ایچ کیوہسپتال ہٹیاں بالا میں موجود ہے۔
سوشل میڈیا پر دستیاب معلومات کے مطابق پسند کی شادی میں ناکامی پرنوجوان نے لڑکی کے ہمراہ دریائے جہلم میں چھلانگ لگائی۔ لڑکی کی لاش تاحال لاپتہ ہے جس کی تلاش کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔