
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبے کے دیہی علاقوں میں خواتین کے لیے ایک تاریخی ڈیجیٹل اور آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔
اس انقلابی منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے دیہات میں 27 ہزار خواتین کو جدید ڈیجیٹل اسکلز اور آئی ٹی ٹریننگ دی جائے گی، جس کا مقصد خواتین کو ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔
پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام چھ ماہ کی آن لائن ٹریننگ کے دوران دیہی خواتین کو اسکالرشپ بھی دی جائے گی۔ ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد ہر خاتون کو ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور مفت وائی فائی ڈیوائس فراہم کی جائے گی تاکہ وہ عملی طور پر ڈیجیٹل دنیا میں قدم رکھ سکیں۔
مزید پڑھیں: سرکاری اسکولوں میں اسمارٹ کلاس رومز، ڈیجیٹل لیب بنا رہے ہیں، مریم نواز
دیہی خواتین کو آئی ٹی اور ویب ڈویلپمنٹ، کوڈنگ، سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، سوشل میڈیا مینجمنٹ، گرافک ڈیزائن، ملٹی میڈیا، فری لانسنگ، ریموٹ ورک، ڈیٹا انٹری اور آفس آٹومیشن سمیت جدید مہارتیں سکھائی جائیں گی۔
آن لائن ٹریننگ کی تکمیل پر پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سرٹیفکیٹ اور جاب لنک بھی فراہم کرے گا، خواتین گھر بیٹھے فری لانسنگ یا آن لائن بزنس بھی شروع کر سکیں گی، دیہی خواتین گاؤں کے گھر کو مائیکروانٹرپرائزز میں تبدیل کر سکیں گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں مریم نواز کی کارکردگی کتنی بہتر اور کتنی خراب ہے؟ سروے رپورٹ
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ پروگرام خواتین کے لیے صرف ایک تربیتی منصوبہ نہیں بلکہ اپنے روشن مستقبل کو خود لکھنے کا ذریعہ ہے۔ دیہی خواتین اب گھر بیٹھے فری لانسنگ کے ذریعے باعزت روزگار کما سکیں گی، جبکہ ٹیک فرم یا آن لائن بزنس بھی شروع کر سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی خواتین اب دیہات میں رہتے ہوئے بھی انٹرنیشنل آئی ٹی مارکیٹ میں مسابقت کر سکیں گی اور ڈیجیٹل انقلاب کی بانی بنیں گی۔
دیہی خواتین اس ڈیجیٹل اینڈ آئی ٹی ٹریننگ پروگرام میں گھر بیٹھے PSDF کی ویب سائٹ ([psdf.org.pk](https://psdf.org.pk)) پر اپلائی کر سکتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹریننگ سے خواتین کو تعلیم اور معاشی ترقی کے مواقع ملیں گے، صنفی مساوات کو فروغ ملے گا، دیہات میں مائیکرو انٹرپرائزز ترقی کریں گی، اور خواتین فاصلوں کی رکاوٹوں کو ختم کر کے خودمختاری کی جانب بڑھ سکیں گی۔ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے دیہی خواتین کے لیے جدید مہارتیں سیکھنے، معیشت میں فعال کردار ادا کرنے اور خودکفالت کی راہ ہموار ہوگی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔