
پنجاب پولیس کے دو بہادر جوان منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران فرض کی راہ میں شہید ہو گئے۔ واقعہ تھانہ لکسیاں پولیس سرگودھا کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس نے منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق جیسے ہی پولیس ٹیم نے ریڈ کیا، ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس افسوسناک واقعے کے نتیجے میں سرگودھا پولیس کے کانسٹیبلز عمران وینس اور رانا شفیق موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ سب انسپکٹر ممتاز اور ایلیٹ کانسٹیبل نعمان شدید زخمی ہوئے۔
ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور ڈی پی او سرگودھا کو ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا۔ انہوں نے فرض کی راہ میں شہادت پانے والے پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان اور ڈی پی او محمد صہیب اشرف پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور معاملے کی نگرانی کی۔ شہداء کے جسد خاکی اور زخمی پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پنجاب پولیس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔