
شام کے صدر احمد الشرع نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے بشار الاسد کی حوالگی کی سرکاری طور پر درخواست کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق شام کے صدر احمد الشرع نے کہا کہ سابق صدر بشار الاسد کے خلاف شام میں عدالتی کارروائی کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔
شامی صدر نے کہا کہ شفاف انصاف اور قانونی کارروائی کے لیے ضروری ہے کہ بشار الاسد عدالت میں حاضر ہوں اور اپنا دفاع کریں۔
بغاوت کے بعد بننے والے شام کے نئے صدر احمد الشرع نے مزید کہا کہ روس میں رکھی گئی بشار الاسد اور ان کے خاندان کی رقوم بھی واپس کی جائیں گی۔
احمد الشرع نے کہا کہ یہ اثاثے شامی عوام کی امانت ہیں جنھیں لوٹ کھسوٹ کرکے سابق حکومت نے اپنی عیاشیاں جاری رکھنے کے لیے روس میں منتقل کیا تھا۔
دوسری جانب ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ روس نے واضح کردیا ہے کہ وہاں کوئی رقم جمع نہیں ہے۔
رپورٹ میں روسی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ صدر پوٹن کبھی بشار الاسد کو شام کے حوالے نہیں کریں گے۔
روس کی جانب سے تاحال ان خبروں پر کوئی آفیشل بیان سامنے نہیں آیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔