
سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد سے نومولود بچے پرسرار طورپر اغوا ہوا اور پھر پولیس کو اطلاع ملتے ہی مبینہ اغوا کار بچہ واپس اسپتال کے اندر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاقت آباد میں قائم سندھ گورنمنٹ اسپتال سے نومولود بچہ مبینہ طور پر اغوا ہونے کے کچھ دیر بعد ہی بازیاب کروالیا گیا۔
ہفتے کی دوپہر لیاقت آباد میں واقعے سندھ گورنمنٹ اسپتال کے اندر واردات ہوئی۔ ایس ایچ او شریف آباد یوسف مہر کے مطابق متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ وہ اپنے 3 دن کے بچے کے ہمراہ اسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر جارہی تھیں۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ اسپتال کے سیڑھیاں اترنے کے دوران نامعلوم خواتین نے مدد کرنے کیلئے میرے نومولود بچے کو گودھ میں لیا۔ اس ہی دوران مبینہ اغوا کار خواتین بچے کو لیکر فرار ہوگئیں۔
واقعے کے حوالے سے پولیس کو فوری آگاہ کیا گیا جس کے عبد پولیس نے جیو فینسنگ اور دیگر ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس کارروائی کا آغاز کے چند گھنٹے بعد ہی ملزمہ خواتین خود بچے کو واپس اسپتال کے اندر چھوڑ کر فرار ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق بچے کو والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق واردات کرنے والی خواتین کی تعداد 2 بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔