چوتھا ٹی 20: کیوی بولرز نے پاکستانی بیٹنگ کے پرخچے اڑا دیے، 115 رنز سے شکست

221 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی


ویب ڈیسک March 23, 2025

سیریز کے چوتھے ٹی 20 میچ میں کیوی بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 16.2 اوورز میں 105 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

قبل ازیں ماونٹ مونگانوئی کے بے اوول کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کی اننگز:

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، اوپنر محمد حارث 2، حسن نواز، کپتان سلمان علی آغا، شاداب خان اور عباس آفریدی صرف ایک، ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 

خوشدل شاہ، شاہین آفریدی اور حارث روف 6، 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عرفان خان نیازی نے 24 رنز بنائے۔ عبدالصمد 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4، زکیری فولکس نے 3 جبکہ ول او رورک، جیمز نیشم اور اش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز:

اوپنر ٹم سیفرٹ اور فن ایلن نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم سیفرٹ 44 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، بعدازاں فن ایلن نے 19 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں مارک چیمپمین 24، جیمز نیشم اور مچل ہے 3، 3 رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 29 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

میچ کے اختتامی اوورز میں کپتان مائیکل بریسویل نے 26 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، ابرار نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان سلمان علی آغا، محمد حارث، حسن نواز، عرفان خان، شاداب خان، عبدالصمد، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور حارث رؤف

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ:

کپتان مائیکل بریسویل، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمیز نیشم، مچل ہے، ایش سودھی، زکیری فولکس اور جیکب ڈفی

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں