
میڈیا مینجمنٹ اورنشریاتی اداروں میں کئی دہائیوں پر محیط تجربے اور پیشہ وارنہ خدمات کے اعتراف میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے روزنامہ ایکسپریس کے کالم نگار ممتاز میڈیا ایگزیکٹو سرور منیر راؤ کو تمغہ امتیاز سے نواز ا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایوان صدر میں قومی اعزازات کی تقسیم کی پروقار تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت نے سنیئر صحافی کالم نگار سرور منیر راو کوتمغہ امتیاز سے نوازا۔
صدر مملکت نے سرور منیر راؤ کیساتھ مصافحہ کیا اور انہیں پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔
سرور منیر راوٴایک ممتاز میڈیا ایگزیکٹو ہیں، جنہیں نشریاتی اداروں میں کئی دہائیوں پر محیط تجربہ حاصل ہے۔ آپ خبروں، حالاتِ حاضرہ اور میڈیا مینجمنٹ کے شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں۔
پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) کے سابق ڈائریکٹر نیوز اور کرنٹ افیئرز کی ذمہ داریاں نبھانے کے علاوہ راوٴ صاحب نے پی ٹی وی گلوبل، پی ٹی وی ٹریننگ اکیڈمی اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز کے طور پر بھی خدمات انجام دیں وہ جنرل مینیجر کہ عہدے پر بھی فائض رہے۔
سرور منیر راو کو پارلیمانی اور سفارتی رپورٹنگ، کے ساتھ انہیں کنفلیکٹ رپورٹنگ کا بھی منفرد تجربہ حاصل۔
اپنے 50 سالہ صحافتی کیریئر میں انہوں نے سی این این اور بی بی سی نیوز نیٹ ورکس کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔وہ پہلے پاکستانی صحافی تھے، جنہوں نے 2003 میں براہ راست امریکہ-عراق جنگ کے محاذ سے رپورٹنگ کی۔
ان کی کتاب ”میں نے بغداد جلتے دیکھا“ اپنے وقت کی بہترین فروخت ہونے والی کتاب ثابت ہوئی۔ انہوں نے موغادیشو سے صومالیہ کی خانہ جنگی اور 1991 میں کویت-عراق خلیجی جنگ کی بھی براہ راست کوریج کی۔
سرور منیر راوٴ اپنی مصروف ترین صحافتی زندگی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے پہلو کو کبھی نظر انداز نہ کیا۔
وہ مختلف جامعات کے بورڈ آف اسٹڈیز کے رکن ہیں۔انہیں یونیورسٹی کی سطح پر میڈیا کے مضمون میں "پروفیسر آف پریکٹس" کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
سرور منیر راوٴ صاحب قومی اخبارات میں کالم بھی تحریر کرتے ہیں اور وہ گزشتہ پانچ برس سے روزنامہ ایکسپریس میں باقاعدگی سے کالم لکھ رہے ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔