
حالیہ رپورٹس کے مطابق قطر میں مقیم بھارتی آئی ٹی انجینئر امت گپتا کو ریاستی سیکیورٹی نے گرفتار کر لیا ہے۔
امت گپتا پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں ڈیٹا چوری اور دیگر ممالک کے لیے جاسوسی شامل ہے۔
امت گپتا، جو کہ معروف آئی ٹی فرم "ٹیک مہندرا" میں سینئر عہدیدار کے طور پر کام کر رہے تھے، کو تین ماہ سے قطری حکام کی حراست میں رکھا گیا ہے۔
قطری سیکیورٹی کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کسی قسم کی وضاحت فراہم نہیں کی گئی، جس سے معاملے کی سنگینی ظاہر ہوتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، گپتا کے والدین نے اپنے بیٹے سے ملاقات کے لیے قطر جانے کی کوشش کی، تاہم قطری حکام نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی۔
بھارتی پارلیمنٹ کے رکن ہیمنگ جوشی نے اس واقعے کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گپتا کے والدین کو ملاقات کی اجازت نہ ملنا ایک سنگین مسئلہ ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب قطر میں بھارتی شہریوں کو جاسوسی کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہو۔ 2022 میں، قطر کی سیکیورٹی فورسز نے 8 بھارتی بحریہ کے اہلکاروں کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی۔
ان اہلکاروں پر الزام تھا کہ انہوں نے اسرائیلی انٹیلی جنس کو حساس سب میرین سے متعلق معلومات فراہم کی تھیں۔ تاہم، فروری 2024 میں قطری امیر کے حکم پر انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔