سوشل میڈیا پر اداروں کو بدنام کرنے کا کیس: پی ٹی آئی کارکن کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور

ملزم حیدر نے سوشل میڈیا پر اپنے ویریفائڈ اکاونٹ سے بی ایل اے کی پوسٹ کو ری پوسٹ کیا، تفتیشی افسر


ویب ڈیسک March 24, 2025

اسلام آباد:

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف مواد شیئر کرنے کے کیس میں پی ٹی آئی کارکن حیدر سعید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔

عدالت نے 2 لاکھ کے مچلکوں کی عوض ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی، جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

ملزم کے وکیل تابش فاروق عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ یہ مزید انکوائری کا کیس ہے، حیدر سعید کو اغوا کیا گیا تھا۔ انہوں نے مختلف اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کے حوالے بھی دیے اور کہا کہ ملزم کسی آرگنائزیشن کا سربراہ نہیں اور نہ ہی بغاوت کی ہے۔  

ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت میں بتایا کہ ملزم نے مس انفارمیشن پھیلائی اور بی ایل اے کی پوسٹ کو ری پوسٹ کیا۔ وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ ان پوسٹوں سے عوام میں کوئی اشتعال نہیں پھیلا۔  

عدالت میں حیدر سعید کی والدہ روسٹرم پر آگئیں اور کہا کہ جب میرے بیٹے کو اٹھایا گیا تو مجھے کہا گیا کہ اس نے قتل کیا ہے۔ میرے بیٹے کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ ہم محب وطن لوگ ہیں۔  

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جس اکاؤنٹ سے بی ایل اے کی پوسٹ ری پوسٹ کی گئی، وہ ایک ویریفائیڈ اکاؤنٹ ہے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں