آئی پی ایل: ہربھجن سنگھ کے جوفرا آرچر کیخلاف نسلی ریمارکس پر تنازع

سوشل میڈیا پر سابق بھارتی اسپنر کو کمنٹری پینل سے معطل کرنے کا مطالبہ


اسپورٹس ڈیسک March 24, 2025

سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر کیخلاف نسلی ریمارکس پر تنازع میں پھنس گئے۔ 

اتوار کو سن رائزرز حیدرآباد اور راجستھان رائلز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران انڈین پریمیئر لیگ کے کمنٹیٹر  ہربھجن سنگھ نے انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر کے بارے میں نسلی تعصب پر مبنی الفاظ استعمال کیے۔

ہربھجن سنگھ نے دورانِ کمنٹری کہا کہ لندن میں کالی ٹیکسی کا میٹر تیز بھاگتا ہے اور یہاں پر آرچر صاحب کا میٹر بھی تیز بھاگا ہے۔

یہ بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک طوفان آگیا اور کئی صارفین نے ہربھجن سنگھ پر نسلی تعصب کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: جوفرا آرچر نے آئی پی ایل کی تاریخ کا مہنگا ترین اسپیل کروا دیا

ایک صارف نے لکھا کہ یہ شرمناک اور ناقابلِ قبول ہے، ہربھجن سنگھ کو فوری طور پر کمنٹری پینل سے معطل کرنا چاہیے۔

ایک اور صارف نے کہا کہ آئی پی ایل جیسے بڑے ایونٹ میں اس قسم کے بیانات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔  

سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور ردعمل کے باوجود ہربھجن سنگھ نے اب تک اس معاملے پر کوئی وضاحت یا معذرت پیش نہیں کی۔  

یاد رہے کہ گزشتہ روز راجستھان رائلز کیخلاف میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے 286 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، جو آئی پی ایل کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور تھا۔

ایشان کشن اور ٹریوس ہیڈ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت یہ اسکور ممکن ہوا۔ دوسری جانب راجستھان رائلز 242 رنز بنا کر ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔  

جوفرا آرچر کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، انہوں نے 4 اوورز میں 76 رنز دیے اور ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے، انکا یہ اسپیل آئی پی ایل کی تاریخ کا مہنگا ترین اسپیل ثابت ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں