چاقو بردار حملہ آور نے اسرائیلی فوجی سے پستول چھین کر فائرنگ کردی؛ ایک ہلاک

بارڈر پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی جان سے گیا جس کی شناخت 25 سالہ کریم کے نام سے ہوئی


ویب ڈیسک March 24, 2025

اسرائیل میں چاقو بردار حملہ آور نے ایک فوجی کو شدید زخمی کردیا اور اس سے اسلحہ چھین کر ایک کار پر فائرنگ کردی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملہ آور نے پہلے اپنی کار سے ایک سپاہی کو ٹکر مارکر گرایا اور پھر اہلکار پر چاقو کے وار کیے۔

حملہ آور نے فوجی کا اسلحہ بھی چھین لیا اور قریب سے گزرنے والی ایک کار پر فائرنگ کردی جس سے کار بس شیلٹر سے جا ٹکرائی۔

فائرنگ میں ہلاک ہونے والے کار سوار کی شناخت 85 سالہ موشے ہوران کے نام سے ہوئی ہے جب کہ کار میں موجود ان کا بیٹا محفوظ رہا۔

جائے وقوعہ سے گزرنے والے بارڈر پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

بارڈر پولیس کی فائرنگ میں ہلاک ہونے والے حملہ آور کا نام 25 سالہ کریم جبرین بتایا جا رہا ہے جو عرب اکثریتی قصبے معلے آئرن کا رہائشی تھا۔

چند روز قبل بھی ایک فلسطینی نے شمالی اسرائیل کے شہر پردیس ہنہ میں راہگیروں پر گاڑی چڑھا دی تھی۔ اس واقعے میں ایک بچی ہلاک اور 12 شہری زخمی ہو گئے تھے۔

اس واقعے میں بھی پولیس نے فائرنگ کرکے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا تھا۔

یاد رہے کہ اسرائیل کے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ سوا لاکھ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ غزہ کے تمام ہی رہائشی علاقے مکمل تباہ ہوگئے۔

ان ظالمانہ اور سفاکانہ اقدامات کے بعد اسرائیلی سرزمین پر انفرادی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

  

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں