سنی دیول ہندی سینما سے مایوس ہوگئے؟ کون سی فلم انڈسٹری میں جا بسنے کی خواہش ہے

ہندی سینما نے اپنی جڑوں کو چھوڑ کر مغربی اثرات کو اپنے اوپر حاوی کرلیا ہے، اداکار


ویب ڈیسک March 24, 2025
سنی دیول کی نئی فلم جات 10 اپریل کو ریلیز ہوگی

معروف اداکار سنی دیول نے بالی وڈ کے فلم سازوں کو مخاطب کرکے کہا کہ فلموں کو محبت کے ساتھ بنانا سیکھیں جیسا کہ ساؤتھ انڈین موویز کے پروڈیوسرز کرتے ہیں۔

سنی دیول کی نئی فلم "جات" 10 اپریل کو ریلیز ہونے والی ہے جسے  "پشپا" جیسی سپرہٹ فلموں کے پروڈیوسر پیش کر رہے ہیں۔

فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر سنی دیول نے کہا کہ میرے پروڈیوسر بہت اچھے ہیں۔ میں چاہوں گا کہ بمبئی کے پروڈیوسرز ان سے سیکھیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ آپ لوگ اسے بالی وڈ کہتے ہیں، لیکن پہلے اسے ہندی سینما کے طور پر دیکھیں اور ساؤتھ فلم میکرز سے سیکھیں۔ وہ موضوع پر توجہ دیتے ہیں، ڈائریکٹر کو بھروسہ دیتے ہیں اور اس کی ویژن کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔

سنی دیول نے ساؤتھ انڈین موویز کے پروڈیوسرز کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بتایا کہ ان پروڈیوسرز کے لیے ہیرو ’’کہانی‘‘ ہوتی ہے۔ مجھے ان کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا۔

سنی دیول نے مزید کہا کہ شاید میں ساؤتھ جا کر بس جاؤں۔ میں نے وہاں کے پروڈیوسر سے کہا کہ ‘چلو ایک اور فلم کرتے ہیں۔

سنی دیول نے بھارت کی مختلف فلم انڈسٹریز کا تقابل کرتے ہوئے کہا کہ ہندی فلم ساز اکثر اپنی جڑوں کو بھول جاتے ہیں اور اپنے اوپر مغربی اثرات کو حاوی کر لیتے ہیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ اس کے برعکس ساؤتھ انڈین موویز اپنی جڑوں پر قائم رہتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی فلمیں پورے ہندوستان میں کامیاب ہوتی ہیں۔ ہر شخص ان سے جڑتا ہے۔

سنی دیول نے کہا کہ ہندی سینما کو اس سے سیکھنے کی ضرورت ہے اور اپنی جڑوں کی طرف واپس آنا چاہیے۔ انہوں نے اپنی مشہور فلموں "گھاتک"، "دامینی" اور "ارجن" کا ذکر کیا اور کہا کہ ہمیں ایسی فلمیں دوبارہ بنانی چاہیے۔

یاد رہے کہ "جات" ایک ایکشن فلم ہے جو ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں