
کمپٹیشن کمیشن (سی سی پی) نے فلائی جناح سروسز (پرائیویٹ)لمیٹڈ اور ایئر عربیہ اکیڈمی ایل ایل سی کے درمیان جوائنٹ وینچر کی منظوری دے دی ہے۔
سی سی پی کے مطابق مذکورہ دونوں کمپنیاں پاکستان میں ہوا بازی کی تربیت کی خدمات پیش کرنے کے لیے ایک نیا تربیتی ادارہ، فلائی جناح ٹی تھری فلائٹ اکیڈمی (پرائیویٹ) لمیٹڈ قائم کریں گی۔
کمپٹیشن کمیشن نے کمپیٹیشن (مرجر کنٹرول)ریگولیشنز2016کے تحت دونوں فریقین کی جانب سے جمع کرائی گئی پری مرجر کی درخواست کا جائزہ لیا۔
معاہدے کے مطابق دونوں فریق نئی کمپنی میں سرمایہ کاری کریں گے۔کمپٹیشن جائزے میں سامنے آیا ہے کہ یہ ٹرانزیکشن بین الاقوامی نوعیت کی ہے جو متعلقہ شعبہ میں مسابقت پر اثرانداز نہیں ہوگی۔
فلائی جناح کمرشل ایئر لائن خدمات پیش کرتی ہے جبکہ ایئر عربیہ اکیڈمی متحدہ عرب امارات میں ہوا بازی کی تربیت کے شعبہ سے وابستہ ہے۔
ایک الگ ادارے کے قیام کے لیے کیا گیا یہ جوائنٹ وینچر متوقع طور پر آزادانہ حیثیت میں کام کرے گا اور پاکستان میں ہوابازی کی تربیت کی خدمات کی دستیابی اور معیار کو بہتر بنائے گا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔