
والدہ تلاوت کی تلقین کرتی ہیں
میمونہ علی، شیخوپورہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری امی ہم سب بھائی بہنوں کے لئے قرآن رکھنے کے لئے رحل لے کر آتی ہیں اور ہم سب ان کا مذاق اڑا رہے ہیں کہ آجکل کے زمانے میں کون اس طرح قرآن کی تلاوت کرتا ہے لوگ تو اب موبائل میں قرآن پڑھ سکتے ہیں مگر وہ سب سے خفا ہو رہی ہوتی ہیں کہ آئندہ سے گھر میں سب لوگ اسی طرح تلاوت کیا کریں گے ۔ میرا بھائی اسی وقت اس پہ اپنا سپارہ لے کر اپنا سبق دھرانا شروع ہو جاتا ہے جس پہ میری امی بہت خوش ہوتی ہیں اور بہت دعائیں دیتی ہیں ۔
خواب : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔
محلے میں گوشت بانٹنا
زاہد چوہدری، رحیم یارخان
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں نے ہرن کا شکار کیا ہے اور اب اپنے دوستوں کی دعوت کر رہا ہوں اس کے ساتھ ساتھ رشتے دار بھی گھر میں موجود ہیں اور میری امی نے محلے کے بھی سارے گھروں میں گوشت بانٹا ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے کسی خوشخبری کے ملنے پہ دلیل کرتا ہے ۔ کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی بھی امید ہے ۔ آپ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ خواب اچھا ہے اس میں بالکل بھی گھبرانے والی کوئی بات نہیں ہے ۔
بیل خریدنا
انیسہ رحمان، کراچی
خواب : میری خالہ نے خواب میں دیکھا کہ ہم ایک بیل خرید کر لائے ہیں اور ہم نے اس کو اپنے صحن میں باندھ دیا ہے ۔ ہم اس کو اپنے گیراج میں رکھتے ہیں ۔ تقریباً آس پاس کے سارے ہی رشتے دار اس کو دیکھنے آتے ہیں پھر میں اس کے آگے چارہ ڈالتی ہوں مگر وہ کھاتا نہیں ۔ اس کے بعد ہم اپنے محلے کے ڈاکٹر کو بلاتے ہیں تاکہ اسے دکھائیں۔ مگر وہ بیل وہاں سے پتہ نہیں کہاں چلا گیا۔ ہم سارا علاقہ دیکھتے ہیں مگر وہ کہیں نہیں ہوتا ۔ سارے محلے دار اور گھر کے لوگ تلاش کرتے ہیں مگر کہیں نہیں ملتا ۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ کاروبار اور نوکری میں مالی پریشانی کا بھی سامنا ہو سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد استغفار کثرت سے پڑھا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات کریں ۔ چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کیا کریں ۔
مہندی کی تعریف
انیلہ یوسف، حیدر آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے ہاتھوں میں بہت خوبصورت مہندی لگی ہے اور جب میں دھوتی ہوں تو سارے اس کا رنگ دیکھ کر بہت تعریف کرتے ہیں ۔ میں خود بھی اپنے ہاتھ دیکھ کر حیران ہوں کہ اتنے پیارے لگ رہے ہیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی ۔ علم و حکمت ملے گی ۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
عمرہ کی مبارکباد
شاہدہ جبین، کوئٹہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہمارے گھر کسی نے بہت سارے غبارے بھیجے ہیں جن پہ عمرہ مبارک لکھا ہوتا ہے ۔ میرے گھر والے اس بات کو سوچ کر حیران ہوتے ہیں کہ شائد کسی نے غلطی سے ہمارے گھر بھیج دیے پھر دیکھتے ہیں کہ ان کے ساتھ ایک بہت خوبصورت قرآن پاک بھی پیک ہوتا ہے ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی رحمت سے آپ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا ۔ نیک نامی میں اضافہ ہو گا جو کاروبار یا نوکری یا پھر گھریلو سطح پہ بھی ہو سکتی ہے ۔ آپ صلہ رحمی سے کام لیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
تحائف خریدنا
شاکرہ حسین، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اور میری امی عمرہ پہ جانے کی تیاری کر رہے ہیں اور اسی سلسلہ میں بازار شاپنگ کے لئے جا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ امی سعودیہ میں مقیم رشتے داروں کے لئے بھی تحائف پیک کر رہی ہیں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
خاندان کے ساتھ باغیچے میں ہونا
عنبرین خان، پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کے باغیچے میں ہوں اور وہاں میرے لئے بھیجے گئے مور بھی ہیں جو بہت خوبصورت ہیں ۔ میرے بہن بھائی بھی میرے ساتھ ہیں اور بہت خوش ہو رہے ہیں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں کوئی خوشخبری آنے والی ہے ۔ رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
دوست کے دینی مدرسے میں داخلہ
یاسر ملک، سرگودھا
خواب : میں نے دیکھا کہ میں نے اپنے دوست کے دینی مدرسے میں داخلہ لیا ہے جس پہ میرے نانا جان بہت خوش ہیں اور گاوں میں مٹھائی بانٹ رہے ہیں حالانکہ ان کا بہت سال پہلے انتقال ہو چکا ہے ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ، کاروبار میں وسعت ہو گی اور برکت بھی ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔
دوست کی بے عزتی
روبینہ ، فیصل آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے دادا جان جن کا بہت سال پہلے انتقال ہو چکا ہے میرے گھر ہیں اور مجھ سے بہت ناراض ہیں ۔ میرے ایک دوست کو شیطان کہہ کہہ کر پکار رہے ہیں ۔ میں ان کو بہت سمجھانے کی کوشش کرتا ہوں کہ وہ ایک اچھا آدمی ہے مگر وہ ناراض ہو کر چلے جاتے ہیں ۔ بس اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر: یہ خواب اللہ نہ کرے کسی پریشانی کو ظاھر کرتا ہے ۔ کاروباری معاملات میں قناعت اور ایمانداری کا مظاہرہ کریں ۔ سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں ۔ ہو سکے تو حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کریں ۔
ناپسندیدہ تحفہ
محمد ندیم، گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے دفتر میں ایک بہت بڑا ڈبہ کسی کورئیر سے آیا ہے اور اس میں سوائے کوئلے کے کچھ نہیں ہے ۔ میں اپنے اسسٹنٹ کو بلا کر معلومات لینے کی کوشش کرتا ہوں مگر کچھ حاصل نہیں ہوتا اور بس پریشانی سے سارے کام چھوڑ کر میں اس کو ہی سوچتا رہتا ہوں ۔
تعبیر: یہ خواب مالی معاملات میں پریشانی کو ظاہر کرتا ہے۔ غیر ضروری اخراجات یا اسراف اس کا سبب ہو سکتا ہے ۔کاروبار میں بھی رقم بلاک ہونے کا احتمال ہے ۔ اس سے اللہ نہ کرے کہ قرض تک کی نوبت آ سکتی ہے ۔ آپ حلال روزی کا اہتمام کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ صدقہ خیرات بھی حسب توفیق کرتے رہا کریں ۔
تقریب پر جانے کی تیاری
نمرہ حسن، سکھر
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں جانے کے لیے اپنے کمرے میں تیار ہو رہی ہوں اور وہاں موجود شیشے میں مجھے کچھ نظر نہیں آرہا، جانے کیسے وہ ٹوٹا اور کچھ اس طرح سے کہ جیسے گاڑی کی ونڈ سکرین پہ کسی چیز سے شیشہ بظاہر تو ٹوٹ جاتا ہے ، مگر جڑا بھی ہوتا ہے، میں بہت زیادہ پریشان ہو جاتی ہوں اور اپنے میاں کو بلاتی ہوں کہ دیکھیں کسی نے کس بے دردی سے میرا شیشہ توڑ دیا ہے ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا غم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری آ جائے جس کی وجہ سے آپ پریشان ہو سکتے ہیں ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ محفل مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔
صحن میں سانپ
نذیراں بی بی، میانوالی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے صحن میں صفائی کر رہی ہوں ۔ وہاں جو کونے میں درخت ہے، اس کے نیچے فرش دھوتے ہوئے اچانک کوئی چیز میرے اوپر گرتی ہے ۔ جس سے میں ایک دم بہت خوفزدہ ہو جاتی ہوں ۔ دیکھتی ہوں تو وہ ایک پتلا سا کالا سانپ ہوتا ہے جو میری طرف لپکتا ہے ۔ میں تیزی سے جھاڑو اس کی طرف پھینکتی ہوں مگر وہ اس کو لگتا نہیں اور وہ تیزی سے میری طرف لپکتا ہے اور میری ٹانگ پہ اچھل کے کاٹ لیتا ہے ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا جس سے آپ کو تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حفیظ یا اللہ کا ورد کیا کریں ۔ کوشش کریں کہ کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ صبح بعد از فجر اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ نصرمن اللہ و فتح قریب پڑھ کر اللہ تعالی سے دعا کریں کہ آپ کو دشمن کے شر سے محفوظ رکھے ۔
والدہ کے جہیز سے اشیاء گم ہونا
سلطانہ قریشی، کراچی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہمارے گھر کا کوئی سامان گم ہو گیا ہے اور ہم بہت پریشان ہیں کہ کیسے اس کو تلاش کریں۔ میری والدہ تو رونے لگ جاتی ہیں کیونکہ ان کے جہیز کے قیمتی سامان میں سے بھی چیزیں غائب ہوتی ہیں ۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے ۔ گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان ہو سکتا ہے ۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یاقیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں۔
ہمسائیوں کے گھر جانا
راحیلہ خان، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے ہمسائیوں کے گھر ہوں اور وہاں ان کے کوئی عزیز ہیں جو مجھے سعودی عرب کا کوئی مشہور سرمہ دیتے ہیں جو میں تو نہیں لینا چاہتی تھی مگر وہ زبردستی دے دیتے ہیں اور ان کی دادی بھی مجھے بہت پیار کرتی ہیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔
خالی عمارت
افشاں بیگم،پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی ویران سی بلڈنگ میں ہوں اور میرے علاوہ ادھر کوئی نہیں ہے ۔ میں کافی خوفزدہ ہو کر اوپر نیچے جاتی ہوں مگر ساری بلڈنگ ہی خالی ہوتی ہے اور میں اس پریشانی میں ہوتی ہوں کہ میں اب اکیلی یہاں کیسے رہوں گی جبکہ کوئی دوسرا شخص یہاں موجود نہیں ہے ۔ دل ہی دل میں میں کافی خوفزدہ بھی ہوتی ہوں ۔
تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں۔آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
کاغذات کا جائزہ لینا
اشرف علی، شیخوپورہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی سرکاری دفتر میں موجود کچھ کاغذات کا جائزہ لے رہا ہوں مگر مجھے خود بھی نہیں پتہ کہ میں ایسا کیوں کر رہا ہوں۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے ۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
ہسپتال داخل ہونا
خالدہ امین، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں شائد کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہی ہوں اور خوب چمک دمک والے کپڑے پہنے ہوئے ہوں ۔ اچانک کچھ چپچپاھٹ محسوس ہوتی ہے تو میں دیکھتی ہوں جیسے میرے پیٹ سے خون نکل رہا ہے پھر میری چیخیں سن کر میری ساس اور میرے میاں مجھے جلدی سے ہاسپٹل لے جاتے ہیں جہاں ڈاکٹر نے کہا کہ میری ناف سے بہت زیادہ خون نکل رہا ہے۔ میرے گھر والے بہت زیادہ پریشان ہو جاتے ہیں اور میں پریشانی میں جیسے نیم بے ہوش ہو جاتی ہوں ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
دوست مدد نہیں کرتے
محمد احسان،حیدر آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ایک پارک میں جہاں ہم کھیل رہے ہیں، وہاں درختوں کے جھنڈ میں کوئی مگر مچھ آ گیا ہے اور میرا پاوں غلطی سے اس پہ آ گیا ہے جس پہ وہ تیزی سے میری طرف لپکتا ہے اور میں چیخیں مارتا ہوا باغ کے دوسری طرف جاتا ہوں مگر وہ بہت تیزی سے میری ہی طرف بھاگتا ہے جبکہ باقی میرے دوست ادھر ہی کھڑے رہتے ہیں اور کوئی بھی مجھے بچانے کے لئے کوشش نہیں کرتا اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔