سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے والا منظم گینگ بے نقاب

سینیگال سے سیالکوٹ پہنچنے والے مسافر نے منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے ایجنٹ کی نشاندہی کردی


ویب ڈیسک March 26, 2025
فوٹو: فائل

گجرانوالہ:

ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ کو بے نقاب کر دیا۔  

ترجمان کے مطابق موریطانیہ سے سیالکوٹ پہنچنے والے مسافر علی اسد سے پوچھ گچھ جاری ہے، وہ فلائٹ نمبر FZ.337 کے ذریعے سینیگال سے سیالکوٹ پہنچا تھا۔  

ایف آئی اے کے مطابق گجرات کے رہائشی علی اسد نے کچھ عرصہ قبل وزٹ ویزہ پر فیصل آباد ایئرپورٹ سے سینیگال کا سفر کیا تھا اور وہاں سفیان نامی ایجنٹ کے رابطے میں آیا۔ ایجنٹ نے 35 لاکھ روپے کے عوض اسے یورپ بھجوانے کا معاہدہ کیا۔

 موریطانیہ پہنچنے پر علی اسد کو سمندر کے راستے غیر قانونی طریقے سے یورپ بھیجنے کی کوشش کی گئی جس پر وہ سمندر کے راستے غیر قانونی سفر سے انکار کرکے وطن واپس آگیا۔ 

ایف آئی اے کے مطابق ایجنٹ سفیان کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے اور اس کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مسافر کو مزید تحقیقات اور ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل گجرات منتقل کر دیا گیا۔ 

ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ غیر قانونی سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ ایجنٹوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور بیرون ملک جانے کے لیے قانونی راستے اختیار کریں۔ 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں