
یورپی ملک لیتھوانیا میں 4 امریکی فوجی ٹریننگ کے دوران لاپتا ہوگئے اور امریکی سفارت خانے کی جانب سے اس کی تصدیق کردی گئی ہے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لیتھوانیا کے دارالحکومت ویلنیوس میں قائم امریکی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تربیت کے دوران امریکی فوج کے 4 اہلکار لاپتا ہوگئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ لیتھوانیا کی پولیس اور فوج نے امریکی فوجیوں کی تلاش کے لیے مشترکہ کوششیں شروع کردی ہیں۔
فوجیوں کی گم شدگی سے متعلق سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی فوجی بیلاروس کی سرحد کے قریب لیتھوانیا کے مشرقی علاقے پابریڈ میں تربیت کے دوران لاپتا ہوگئے ہیں۔
بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ امریکی فوجی کب لاپتا ہوگئے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ لاپتا ہونے والے تمام اہلکار تھرڈ انفنٹری کے فرسٹ بریگیڈ سےتعلق رکھتے ہیں اور واقعے کے وقت ٹیکٹیکل ٹریننگ میں شریک تھے۔
سفارت خانے کی جانب سے مزید کہاگیا کہ فوجی اہلکاروں کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
خیال رہے کہ یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف کے باعث یورپی ممالک اور امریکا کے درمیان تناؤ کی کیفیت پائی جاتی ہے اور یورپی ممالک کے سربراہان مختلف مقامات پر کئی ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
یورپی ممالک نے دفاعی معاملات میں امریکا پر انحصار کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز دی ہیں اور اس پر عمل درآمد کے لیے غور کیا جا رہا ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔