کراچی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک اور شہری جاں بحق، رواں سال کی تعداد 221 ہوگئی

واقعہ نیا ناظم آباد کے مین گیٹ کے قریب پیش آیا متوفی کی شناخت ابراہیم کے نام سے ہوئی


منور خان March 27, 2025
متوفی کی فائل فوٹو

کراچی:

شہر قائد کے علاقے منگھوپیر نیا ناظم آباد کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ، واقعہ کے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

اس حادثے کے بعد رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 221 ہوگئی جبکہ ہیوی گاڑیوں کا نشانہ بن کر جاں بحق افراد کی تعداد 70 ہوگئی ، متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

اس حوالے سے ایس ایچ او منگھوپیر عمران خان نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 35 سالہ محمد ابراہیم خان کے نام سے کی گئی ، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ ڈرائیور کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

متوفی کے محلے دار نفیس نے بتایا کہ ابراہیم خان مسجد کا خطیب اور حافظ قرآن تھا جو کہ پختون آباد گلی نمبر 13 کا رہائشی اور 2 بچوں کا باپ تھا ، متوفی کا آبائی تعلق کے پی کے سے ہے جبکہ وہ تراویح کے بعد چائے پینے کے لیے موٹر سائیکل پر نکلا تھا کہ جان لیوا حادثے کا شکار ہوگیا۔

انھوں نے بتایا کہ سنگل روڈ ہونے کی وجہ سے اس روڈ پر حادثات روز کو معمول بن گئے ہیں اور علاقہ مکین یہاں سے گزرتے ہوئے شدید خوف کا شکار ہیں۔

دریں اثنا چھیپا حکام کی جانب سے شہر میں رواں سال کے دوران مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کے اعداد و شمار جاری کیے گئے جس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 221 ہوگئی جس میں 168 مرد ، 24 خواتین ، 22 بچے اور 7 بچیاں شامل ہیں جبکہ ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 2 ہزار 870 افراد زخمی ہوئے جس میں 2359 مرد ، 384 خواتین ، 98 بچے اور 29 بچیاں شامل ہیں ۔

اعداد و شمار کے مطابق شہر میں رواں سال کے 85 روز میں اب تک ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 70 ہوگئی جس میں ٹریلر کی ٹکر سے 25 ، ڈمپر کی ٹکر سے 17 ، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 15 ، مزدا کی ٹکر سے 5 جبکہ بس کی ٹکر سے 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں