
سعودی عرب میں رمضان المبارک کی بابرکت طاق راتوں میں سے ایک ستائیسویں شب گزشتہ شب تھی، جبکہ ماہرین فلکیات کے مطابق مملکت میں شوال کا چاند 29 رمضان کو نظر آنے کا امکان ہے۔
مسجد الحرام میں اس اہم موقع پر 34 لاکھ سے زائد عمرہ زائرین اور نمازی جمع ہیں، یہ مقدس رات شب قدر کی طاق رات تھی، جس میں مسلمان دنیا بھر سے اکٹھا ہو کر اللہ کے حضور اپنی بخشش اور دیگر مناجات کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔
حرمین شریفین کی انتظامیہ کے مطابق اس وقت مسجد الحرام اور اس کے ملحقہ علاقوں میں مجموعی طور پر 34 لاکھ 41 ہزار چھ سو سے زائد افراد موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے اور عید الفطر سے متعلق نئی پیش گوئی
اندرون ملک اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے عمرہ زائرین اور نمازی اس عظیم رات کی برکات سے استفادہ کرنے کے لیے مسجد الحرام میں جمع ہوئے۔
اس موقع پر دنیا بھر کے مسلمان اللہ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے ہوئے، دعاؤں اور عبادات میں مصروف رہے، اور اس شب کی عظمت اور روحانیت میں شریک ہوئے۔
یہ رات مسلمانوں کے لیے ایک خصوصی اہمیت رکھتی ہے اور اس میں کی جانے والی عبادات کا بے شمار اجر ہے۔
دوسری جانب سعودی ماہرین فلکیات کے مطابق سعودی عرب میں شوال کا چاند 29 رمضان کو نظر آنے کا امکان ہے، اور ہفتہ 29 رمضان کو دوپہر دو بجے چاند کی پیدائش ہوگی۔
مزید پڑھیں: عید الفطر کس دن ہوگی؟ سپارکو نے بھی شوال کے چاند کی پیشگوئی کردی
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ سورج غروب ہونے کے بعد عید کا چاند 8 منٹ تک افق میں رہے گا۔
سعودی ماہرین فلکیات رویت ہلال کمیٹی شوال کے چاند کا مشاہدہ کرنے کی کوشش کرے گی، سورج 6 بجکر 12 منٹ پر غروب ہوگا جبکہ چاند 6 بجکر 20 منٹ پر ڈوب جائے گا.
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔