شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، وزیراعظم، صدر کی گوادر حملے کی مذمت

دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کی دشمن ہیں، صدر مملکت


ویب ڈیسک March 27, 2025

اسلام آباد:

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے گوادر کے علاقے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں۔

وزیرِ اعظم نے واقعے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین اور قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ شر پسند عناصر کی معصوم لوگوں کے خلاف بزدلانہ کارروائیاں انکی حیوانیت کی واضح عکاسی کرتی ہیں، شرپسند عناصر کے ملک دشمن عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی ملک دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں کی پزیرائی کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان شب و روز ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلح افراد کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کی دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

صدر مملکت نے حملے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی، جاں بحق افراد کے لیے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں